چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر احتجاج کرنے والوں کیخلاف مقدمہ درج

سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی گرفتاری کے خلاف کراچی میں احتجاج کرنے والے کارکنوں پر پہلا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق مقدمہ شرافی گوٹھ تھانے میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درج کیا گیا، مقدمے میں 7 مفرور اور 5 گرفتار افراد نامزد ہیں۔ حکام نے بتایا کہ 40 سے 50 افراد احتجاج کر رہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچی، 15 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں سے کچھ فرار ہوگئے۔

قبل ازیں پولیس نے کراچی پریس کلب کے باہر سے پی ٹی آئی کے 4 افراد کو حراست میں لیا۔ اس کے علاوہ ملیر میں 11 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔ ایس ایس پی ملیر کا کہنا تھا کہ کارکنان ملیر میں 2 مقامات پر احتجاج کیلیے جمع ہو رہے تھے۔

لاہور میں چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائش گاہ زمان پارک کے باہر سے پولیس نے 3 خواتین اور احتجاج کیلیے آئے 2 نوجوانوں کو حراست میں لیا۔

ملاکنڈ میں احتجاج کرنے پر پی ٹی آئی کے 30 ورکرز کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کیا گیا۔ پشاور میں پی ٹی آئی نے جی ٹی روڈ پر احتجاج کیا تو پولیس نے 16 کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

مردان میں بھی سابق وزیر اعظم کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرنے پر 21 افراد گرفتار کیا گیا۔ گرفتار افراد میں سابق ایم پی اے کے 2 صاحبزادے بھی شامل ہیں۔