کراچی: تحریک انصاف کے ایم پی اے رمضان گھانچی پرفائرنگ کا مقدمہ درج

Ramzan Ghanchi

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اوررکن صوبائی اسمبلی رمضان گھانچی پر فائرنگ کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کےعلاقے پرانا حاجی کیمپ میں تحریک انصاف کے رہنما پرفائرنگ کا مقدمہ زخمی ایم پی اے رمضان گھانچی کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔

نیپئرتھانے میں درج مقدمے میں 4 ملزمان کو نامزد کیا گیا جن میں سے 2 ملزمان گرفتارکرلیے گئے، مقدمہ نمبر16/2019 میں اقدام قتل، لڑائی جھگڑے کی دفعات شامل ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ رات کراچی کے علاقے پرانا حاجی کیمپ میں ایم پی اے رمضان گھانچی پر فائرنگ ان کے دفتر کے باہر ہوئی جس کے باعث وہ زخمی ہوگئے، علاقہ مکینوں نے انہیں سول اسپتال منتقل کیا۔

کراچی: نامعلوم افراد کی فائرنگ، پی ٹی آئی رکن صوبائی اسمبلی رمضان گھانچی زخمی

سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 109 سے منختب ہونے والے رکن صوبائی اسمبلی رمضان گھانچی کو سول اسپتال میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ دہشت گردی ہے، شہر کے امن کو دوبارہ خراب کیا جارہا ہے۔

وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی رمضان گھانچی پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔