سزا یافتہ مریم نواز کو ن لیگ کا نائب صدر بنانا آئین سے مذاق ہے، فردوس عاشق اعوان

فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ سے سزا یافتہ مریم نواز کو ن لیگ کا نائب صدر مقرر کردیا گیا، مریم نواز کو ن لیگ کا نائب صدر بنانا آئین سے مذاق ہے۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست دینا یوٹرن تھا، سپریم کورٹ سے سزا یافتہ شخص علاج کے لیے باہر جانا چاہتا ہے، کرپشن اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مخالف تحریک چلانے والے خود انتشار کا شکار ہیں، ن لیگ والے اپنے قائد کو تلاش کریں، ن لیگ میں عہدوں کی بندر بانٹ ہوئی ہے، حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت غریب اورپسماندہ لوگوں کی فلاح وبہبود کے لیے پُرعزم ہے، فردوس عاشق اعوان

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے آج رینالہ خورد میں ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کیا، وزیراعظم پسے ہوئے طبقات کے لیے ہر قدم اٹھانے کو تیار ہیں، نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم سے بے گھر افراد کو گھر ملیں گے، ہاؤسنگ اسکیم سے مشکلات کا شکار عوام کو ریلیف ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ رمضان سے پہلے ہاؤسنگ اسکیم کا منصوبہ دے کر مثال قائم کی ہے، نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم سے عوام کو روزگار ملے گا، غیرملکی سرمایہ کار عمران خان پر اعتماد کا اظہار کررہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان نہیں چاہیں گے کہ عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو، حکومت نہیں چاہتی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھیں مگر عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔