پاکستان جاپان سے تعلقات کو انتہائی اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے، فردوس عاشق اعوان

فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان جاپان سے تعلقات کو انتہائی اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں جاپان کے سفیر کی ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، دونوں شخصیات کے درمیان ملاقات میں پاکستان اور جاپان میں اطلاعات اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور دونوں ممالک کے نیشنل ٹیلی ویژن نیٹ ورکس میں تعاون کو مضبوط کرنے پر زور دیا گیا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ثقافت میں دوطرفہ تعاون سے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، جاپان ٹیکنالوجی میں جدت،ترقی کی وجہ سےسرفہرست ہے۔

مشیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان جاپان سے تعلقات کو انتہائی اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جاپانی خواتین ہر شعبے میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کررہی ہیں، جاپان کی ترقی خوشحالی میں خواتین کا اہم کردار ہے۔

اس موقع پر جاپان کے سفیر نے جاپانی ترقی کے حوالے سے پر معاون خصوصی کے خیالات پر شکریہ ادا کیا۔ جاپانی سفیر نے کہا کہ پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان اپ گریڈیشن میں سرمایہ کاری کےخواہشمند ہیں،2020پیرا اولمپکس میں پاکستان ہاکی ٹیم کو خوش آمدید کہیں گے۔