اسلام آباد : معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ کرنے والوں کی سرکوبی کرنے کی خصوصی ہدایت کی ہے، عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا، وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ کرنے والوں کی سرکوبی کرنے پر زور دیا، وفاقی کابینہ نے یقین دلایا ہے کہ مثبت پالیسی عوام کی زندگی میں بہتری لارہی ہے اور حکومتی اقدامات کے باعث معاشی اعشاریوں میں بہتری آرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اداروں میں درپیش چیلنجز کو ختم کرنے اور ان کو طاقت دینے میں مصروف عمل ہے، اجلاس میں اسکولوں میں بچوں کو دی جانے والی مختلف جسمانی سزاؤں کا سخت نوٹس لیا،کیونکہ کسی بھی مہذب معاشرے میں بچوں کو جسمانی سزا کی روایت نہیں ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات کے باعث معاشی اشاریوں میں بہتری آرہی ہے، وزیراعظم نے لائن لاسز سے نمٹنے کیلئے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی ہے، اجلاس میں کابینہ ارکان نے بجلی کے بلوں اور مہنگی بجلی سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ نجی میڈیکل کالجز کا معاملہ اسٹیٹس کو کا شکار ہے، اسد عمر کو پی ایم سی بل سے متعلق اپوزیشن سے گفتگو کا کہا ہے، پاکستان میں کورونا وائرس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد5ہے۔