سیالکوٹ: معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ آج مظلوم کشمیری بھارت کے آگے چٹان بن کر کھڑے ہیں۔ کشمیریوں کی مذہبی آزادی کے سامنے بندوق کی نوک اور کرفیو کے پہرے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں شہدائے کربلا کانفرنس سے خطاب کیا، اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، درس کربلا کا پیروکار کبھی بھی ظلم کے آگے نہیں جھکتا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج امام حسینؓ کے حق کے نظریے کے ساتھ یکجہتی کا دن ہے، باطل کے سامنے ڈٹ جانا ہی فلسفہ حسینی ہے۔ فلسفہ حسینی ماننے والے کبھی تفرقے میں نہیں پڑتے۔
انہوں نے کہا کہ کربلا کا ایک میدان مقبوضہ کشمیر میں بپا ہے، آج مظلوم کشمیری بھارت کے آگے چٹان بن کر کھڑے ہیں۔ ایک میدان کربلا میں حضرت امام حسینؓ کھڑے ہوئے۔ کربلا کا ایک میدان مقبوضہ کشمیر میں بپا ہے۔ مظلوم کشمیریوں کی آواز آج دبی ہوئی ہے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ حسینی فلسفہ کا پیروکار آج مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، مظلوم کشمیریوں سے ان کا آئینی حق چھینا گیا ہے۔ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔ آج کشمیریوں سے مذہبی حق بھی چھینا گیا یہ سب سے بڑا ظلم ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذہبی آزادی کے سامنے بندوق کی نوک اور کرفیو کے پہرے ہیں، آج اس امن کانفرنس کو مظلوم کشمیریوں کے نام کرتے ہیں۔ آج مظلوم کشمیریوں کی قربانیوں کو خراج عقیدیت پیش کر رہے ہیں، مظلوم کشمیریوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ آپ تنہا نہیں۔ ظلم کی رات ختم ہونے تک پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔