پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات عشروں پر محیط ہیں، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات عشروں پر محیط ہیں۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان سے سعودی سفیر نے ملاقات کی، سعودی سفیر نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان میں ثقافتی سینٹر بنانے کا خواہش مند ہے، وژن 2030 کو مدنظر رکھتے ہوئے ہنر مند لوگوں کو خوش آمدید کہیں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اسلام آباد میں ثقافتی سینٹرز بنانے کے پروگرام کو خوش آمدید کہتے ہیں، ثقافتی سینٹرز قائم کرنے سے متعلق معاونت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات عشروں پر محیط ہیں، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا حالیہ دورہ انتہائی اہم تھا، محمد بن سلمان کا کہنا مجھے پاکستان کا سفیر جانا جائے، مضبوط تعلقات ظاہر کرتا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان جاپان سے تعلقات کو انتہائی اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے، فردوس عاشق اعوان

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہر آزمائش ہر گھڑی میں سعودی عرب نے پاکستان کا ساتھ دیا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مزید مضبوط کرنے میں سعودی سفیر کے کردار کو سراہا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز فردوس عاشق اعوان سے جاپان کے سفیر نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور جاپان میں اطلاعات اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور دونوں ممالک کے نیشنل ٹیلی ویژن نیٹ ورکس میں تعاون کو مضبوط کرنے پر زور دیا گیا تھا۔