وزیراعظم نے جرات مندانہ فیصلے کئے،جن کے ثمرات جلد قوم کو ملیں گے،فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد : معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے وزیراعظم نے جرات مندانہ فیصلے کئے ہیں جن کے ثمرات جلد قوم کو ملیں گے، عمران خان کو قوم کے بچوں کا مستقبل سنوارنے کی فکر ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ روایتی جماعتوں کے قائدین صرف اپنے بچوں اور اپنے مستقبل کیلئے فکر مند ہیں، وزیراعظم عمران خان کو قوم کے بچوں کا مستقبل سنوارنے کی فکر ہے-

انہوں نے کہا کہ جماعتوں کو کمپنیاں سمجھ کر چلانے والوں کی خواہش ہے کہ پہلے انہوں نے لوٹا اب اگلی نسل کو قوم پر مسلط کر جائیں۔

ایک اور ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا وزیراعظم نے جرات مندانہ فیصلے کئے ہیں جن کے ثمرات جلد قوم کو ملیں گے اور پاکستان معاشی وسماجی لحاظ سے طاقتور ملک بن کر ابھرے گا، حیرت ان پر ہے جو جمہوریت کی بات تو کرتے ہیں لیکن عمل سے موروثی غلامی کا درس دے رہے ہیں-

گذشتہ روز معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ کچھ نااہل سیاست دان ملک میں عدم استحکام پیدا کررہے ہیں، نااہل سیاست دان عمران خان کی عداوت میں اکٹھے ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں : کچھ نااہل سیاست دان ملک میں عدم استحکام پیدا کررہے ہیں، فردوس عاشق اعوان

معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا مریم نواز نے ایک بیانیہ متعارف کرایا ہے کہ ووٹ کو عزت دو، ایک خاتون جو نااہل ہے اس کا کیا بیانیہ ہے، عوام یہ جاننا چاہتے ہیں آپ کی پارٹی کا بیانیہ کیا ہے۔

اس سے قبل فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ قصیدہ گو اور دربان نے موروثی سیاسی آمریت کے ہاتھ پر بیعت کی، کپتان قوم کو غلام ابن غلام بنانے سے بچانے کی جدوجہدکر رہے ہیں۔