وزیراعظم جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پر عالمی ضمیر کو جھنجوڑیں گے، فردوس عاشق اعوان

سیالکوٹ: معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا وزیراعظم مسئلہ کشمیرپر عالمی ضمیر کو جھنجوڑیں گے اور کشمیریوں کے مؤقف کو مؤثر انداز سے پیش کریں گے، مودی ہویا کوئی اور،پاکستان بھارت سے کوئی مذاکرات نہیں کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا وزیراعظم امریکا کا اہم دورہ کرنے جارہے ہیں، دورہ سعودی عرب میں انھوں نے اہم ملاقاتیں کیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ دورہ امریکا میں وزیراعظم کی ملاقاتوں کا محور مسئلہ کشمیر رہے گا، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی برح طرح پامالی کی جارہی ہے۔

دورہ امریکا میں وزیراعظم کی ملاقاتوں کا محور مسئلہ کشمیر رہے گا

معاون خصوصی نے کہا کہ جنرل اسمبلی کےاجلاس پردنیا کی نظریں مرکوز ہیں، مظلوم کشمیری جنرل اسمبلی اجلاس سے توقعات لگائے بیٹھے ہیں، اقوام متحدہ کو کمزور کی داد رسی اور طاقتور کے احتساب کیلئے بنایا گیا تھا، دیکھنا ہے اقوام متحدہ مظلوم کشمیریوں کو حقوق دلانے میں کیا کردار ادا کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان دورےکےدوران عالمی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے، امریکی صدرٹرمپ نے ثالثی کی پیش کی تھی، عمران خان امریکی صدر سے ثالثی کی پیشکش پر بات کریں گے۔

عمران خان امریکی صدر سے ثالثی کی پیشکش پر بات کریں گے

فردوس عاشق اعوان نے کہا بھارت مظلوم کشمیریوں کا محاصرہ ختم نہیں کررہا، بھارت اپنی فوج کو مقبوضہ کشمیر سے نہیں ہٹارہا، مودی ہویا کوئی اور،پاکستان بھارت سے کوئی مذاکرات نہیں کرے گا۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بھارت قومی سلامتی کارکن بننےکےخواب دیکھ رہاہے، انسانیت کی تذلیل کرنےوالا قومی سلامتی کارکن بننے کا اہل نہیں ، بھارت کبھی بھی اپنے خواب کی تعبیرنہیں پاسکتا۔

مودی ہویا کوئی اور،پاکستان بھارت سے کوئی مذاکرات نہیں کرے گا

انھوں نے مزید کہا ہم بھارتی قیادت کے انسانیت سوز کارنامے دنیا کے سامنے رکھیں گے، وزیراعظم نے امریکا میں پاکستانیوں سے خطاب کرکے ٹرینڈ سیٹ کیا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی نقل کرنےکی مودی کی کوشش ناکام ہورہی ہے، وزیراعظم نے قومی بیانیے کے لیے پاکستانیوں سےخطاب کیاتھا، راہول گاندھی نے کہا کہ مودی سرکاری پیسے سے ذاتی تشہیر کررہا ہے۔

معاون خصوصی نے کہا امریکی صدر کا فاشسٹ مودی کےساتھ کھڑے ہونا انسانیت کی تذلیل ہے، ٹرمپ کو مودی کےساتھ کھڑےنہیں ہونا چاہیے۔

امریکی صدر کا فاشسٹ مودی کےساتھ کھڑے ہونا انسانیت کی تذلیل ہے

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم مسئلہ کشمیرپرعالمی ضمیرکوجھنجوڑیں گے، نئے روشن پاکستان کا چہرہ دنیا کے سامنے بھی رکھیں گے اور کشمیریوں کے مؤقف کو مؤثر انداز سے پیش کریں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا ریاست کے باقی ستونوں کی طاقت میڈیا سے جڑی ہے، میڈیا سے متعلق حکومت ایک لائحہ عمل تیار کررہی ہے، لائحہ عمل سے متعلق مسودے پر حکومت شراکت داروں کی رائے لے گی۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ میڈیا کی آزادی اور مؤثر کردار پر کوئی قدغن لگانے نہیں جارہی، میڈیا کو حکومت کی جانب سے کنٹرول کرنے کا تاثر غلط ہے، کشمیریوں پر پابندیاں نرم کرنے تک حکومت لچک کا مظاہرہ نہیں کرے گی۔