وزیراعظم نے واضح کیا پاکستان کسی نئی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا، فردوس عاشق

فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد : معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ جنگ خطے اوردنیا کے مفاد میں نہیں، وزیراعظم نے واضح کیا پاکستان کسی نئی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا وزیراعظم  نے وزیرخارجہ کو ایران، سعودی عرب،امریکا کا دورہ کرکے متعلقہ وزرائےخارجہ سے ملاقات کرنے کی ہدایت کی، وزیراعظم کی ہدایت ذمہ دار جمہوری ریاست ہونے کا ثبوت ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ دورےکا مقصد خطے میں قیام امن اور کشیدگی کے خاتمےکیلئے متحرک سفارت کاری ہوگا،پاکستان خطے میں امن و استحکام کا داعی ہے، وزیراعظم نےواضح کیا پاکستان کسی نئی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا۔

معاون خصوصی نے مزید کہا جنگ خطے اوردنیا کے مفاد میں نہیں، مشرق وسطیٰ میں امن سے خطے اوردنیامیں امن کی راہ ہموارہوگی، پاکستان اسلامی دنیا اور عالمی  امن کیلئے مثبت کردارادا کرتا رہے گا۔

یاد رہے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے عمانی وزیر مذہبی امور سے ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا جنگ کسی کے بھی مفاد میں نہیں ، پاکستان خطے میں مزید کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا۔