گھر بیٹھی خواتین کو معاشی عمل کا حصہ بنانا ہے: فردوس عاشق اعوان

سیالکوٹ: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معاشی برتری تک دنیا اس کی بات توجہ سے نہیں سنے گی، 52 فیصد گھر بیٹھی خواتین کو معاشی محاذ پر لانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے اسٹیٹ بینک کی ایس ایم ایز فنانس کی آگاہی پر ہونے والی تقریب میں شرکت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو معاشی ترقی میں سہولت دینا وزیر اعظم کے مشن کا عکاس ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ملک کے ساتھ ناانصافیاں ہوئی ہیں، ملک کو گدھ بن کر نوچا گیا۔ صنعتی پالیسی میں ایس ایم ایز کا کردار ہوگا۔ سنہ 2023 تک ایک کھرب 900 ارب روپے کا حجم رکھا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم گھریلو صنعت کو فروغ دینا چاہتے ہیں، خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے 6 ارب رکھے گئے ہیں۔ خواتین کو قرضوں کی مد میں ہر ممکن سہولیات دی جائیں گی۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سرحدوں پر لڑی جانے والی جنگوں کا رواج ختم ہو چکا ہے، اب جنگ وہی جیتے گا جو معاشی طور پر مستحکم ہوگا۔ 52 فیصد گھر بیٹھی خواتین کو معاشی محاذ پر لانا ہے۔ پاکستان کی معاشی برتری تک دنیا اس کی بات توجہ سے نہیں سنے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو مضبوط کرنے تک ملکی معیشت میں استحکام نہیں لایا جا سکتا، حکومت خواتین کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع دے گی۔ خواتین ملک کی طاقت بنیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے احسن طریقے سے مسلمانوں اور کشمیریوں کا مقدمہ لڑا، وزیر اعظم نے اقوام متحدہ میں اسلام کے حقیقی چہرے کو پیش کیا۔ کپتان نے کہا مسئلہ فلسطین کے حل تک اسرائیل تسلیم نہیں، وزیر اعظم نے دنیا پر واضح کیا کہ اسلام ایک ہی ہے۔ وزیر اعظم ہمیشہ پسے ہوئے طبقے کی آواز بنے۔