فتنہ مارچ کو ہم نے کھلی چھٹی دی، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان جس پلاننگ سے چلے اس میں ناکام ہوگئے ہیں، مولانا کے فتنہ مارچ کو ہم نے کھلی چھٹی دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادی مارچ والوں کو حکومت کو کریڈٹ دینا چاہئے پہلی مرتبہ احتجاج کا حق دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم فضل الرحمان کو بے نقاب کررہے ہیں، ان کے کنٹینر پر ان کی پسندیدہ جماعتیں بھی نہیں آئیں، مخصوص یونیفارم، ہاتھوں میں ڈنڈے پکڑے دیکھے جاسکتے ہیں، فوٹیج میں کلاشنکوف اور جے یو آئی کے جھنڈے والے لوگ دیکھ سکتے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ رائے ونڈ اجتماع کی وجہ سے لاہورمیں ویسے ہی رش تھا، آزادی مارچ میں 5 ہزار سے زائد لوگ نہیں ہوسکتے۔

مزید پڑھیں: جیل بھیجنا یا نکالنا عدالتوں کا کام ہے، فردوس عاشق

انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ کے حوالے سے تھریٹس ہیں جو جے یو آئی (ف) کی قیادت کے ساتھ شیئر کی ہیں، مولانا اینڈ کمپنی چاہتی ہے تصادم ہو تاکہ بیچنے کے لیےچورن مل جائے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے اور کرپٹ عناصر کے خلاف احتجاج الگ بات ہے، ذاتی مفاد اور انارکی پھیلانے کے لیے سڑکوں پر آنا الگ بات ہے۔

ایک سوال کے جواب میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، ہم توہین عدالت کا سوچ بھی نہیں سکتے، توہین عدالت کا نوٹس عدالت اور معزز جج کا استحقاق ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیمرا سے کہا گیا ہے اقدامات سے پہلے معاون کو اعتماد میں لے، وزیراعظم عمران خان کو پیمرا نوٹیفکیشن کا بتایا گیا انہوں نے کچھ ہدایات دیں، وزیراعظم کی رائے سب پر مقدم ہے۔