پاکستان اور بدعنوانی ایک ساتھ نہیں چل سکتے، فردوس عاشق اعوان

Firdous Ashiq Awan

لاہور: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں اضافے کے باعث ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان معاشرے کے نادار اور پسماندہ طبقات کی بہتری کے خواہش مند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رینالہ خورد میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کے پہلے مرحلے کا افتتاح اسی مقصد کے حصول کی جانب ایک قدم ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان اور بدعنوانی ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ انہوں نے حزب اختلاف پر زور دیا کہ وہ پارلیمنٹ میں مثبت کردار ادا کرے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، پیٹرول 9 روپے 42 پیسے مہنگا

یاد رہے کہ اوگرا نے پیٹرول 14 روپے 37 پیسے فی لیٹر مہنگا کرکے 113 روپے کرنے کی سفارش کی تھی، تاہم وفاقی کابینہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ ای سی سی کو بھجوایا تھا۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے اضافے کی سفارش کی تھی۔