اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اب ادارے ظل سبحانی کی خواہشات نہیں آئین وقانون کے تابع ہیں۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ کرپشن میں سزا یافتہ، منشیات فروشی پر گرفتار افراد سیاسی قیدی نہیں، یہ لوگ قوم کے مجرم ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شہباز شریف کا رانا ثنا اللہ کے لیے فائیو اسٹار سہولتوں کا مطالبہ مذاق ہے۔
کرپشن کے جرم میں سزا یافتہ اور منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار سیاسی قیدی نہیں قوم کے مجرم ہیں۔شہباز شریف کا رانا ثنا اللہ کیلئے گورنمنٹ ہاؤس مری کی طرز پر شاہانہ فائیو اسٹار سہولتوں کا مطالبہ دیگر قیدیوں سے مذاق ہے۔
— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousAwan) July 30, 2019
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ شہباز صاحب! شہنشاہیت کے خواب سے بیدار ہوں، شہبازشریف نئے پاکستان کی حقیقت کا سامنا کریں۔
انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں بلاتفریق قانون کا اطلاق عمل میں لایا جا رہا ہے، اب ادارے ظلِ سبحانی کی خواہشات کے نہیں آئین اور قانون کے تابع ہیں۔
شہباز صاحب! شہنشاہیت کے خواب سے بیدار ہوں اور نئے پاکستان کی حقیقت کا سامنا کریں۔جہاں بلاتفریق قانون کا یکساں اطلاق عمل میں لایا جا رہا ہے۔اب ادارے ظلِ سبحانی کی خواہشات کے نہیں آئین اور قانون کے تابع ہیں۔
— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousAwan) July 30, 2019
قیدی قیدی ہوتا ہے، حکومت اے یا بی کلاس کا خاتمہ کرنے آئی ہے، فردوس عاشق اعوان
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ جس سیاہی نے اپوزیشن کا منہ کالا کیا اس پر یہ یوم سیاہ منارہے ہیں، قیدی قیدی ہوتا ہے جیل میں اے یا بی کلاس کا خاتمہ کریں گے۔