جدہ: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے قیام کی گولڈن جوبلی تقریبات میں پاکستان کی نمائندگی، اور عمرے کی ادائیگی کے بعد آج وطن واپس لوٹ رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ خدائے بزرگ و برتر کا شکر ادا کرتی ہوں جس نے اپنے گھر اور روضہ آقا کریم کے در کی حاضری کی سعادت عطا فرمائی۔
خدائے بزرگ و بر تر کا شکر ادا کرتی ہوں جس نے اپنے گھر اور روضہ آقا کریم کے در کی حاضری کی سعادت عطا فرمائی۔ عمرہ ادائیگی کی سعادت کے بعد روضہ ءرسول کریم پر حاضری نصیب ہوئی۔ ملکی ترقی اور استحکام کیلئے خصوصی دعاءکی..
— Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) November 27, 2019
اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ عمرہ ادائیگی کی سعادت کے بعد روضہ رسول کریم پر حاضری نصیب ہوئی جہاں ملکی ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے قیام کی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کے سلسلے میں دورہ مکمل کر کے آج وطن واپسی ہوگی۔
او آئی سی کے قیام کی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کے سلسلے میں دورہ مکمل کر کے آج پاکستان واپسی ہو گی۔ انشاءاللہ۔
— Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) November 27, 2019
خیال رہے کہ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے قیام کی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کے لیے 2 روزہ دورے پر سعودی عرب میں موجود تھیں۔
معاون خصوصی نے گولڈن جوبلی کی تقریبات میں پاکستان کی نمائندگی کی، انہوں نے تنظیم کے سیکریٹری جنرل اور سعودی وزیر خارجہ کی دعوت پر شرکت کی تھی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ اسے دنیا بھر میں ظلم و جبر اور زیادتی کے شکار مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لیے مزید فعال اور مؤثر کردار ادا کرنا ہے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ امہ کو درپیش مسائل اور اسلامو فوبیا جیسے چیلنج سے نبرد آزما ہونے کے لیے یکساں مؤقف اور جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ مظلوم کشمیریوں کی حمایت اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی پر سیکریٹری جنرل او آئی سی کا شکریہ ادا کرتے ہیں، اس فورم سے کشمیریوں کے جمہوری بنیادی حق اور وادی میں سنگین صورتحال کو اجاگر کرنے کے لیے مزید آواز بلند کرنا ہوگی۔