کراچی : اسکریپ کے 15 گوداموں میں خوفناک آتشزدگی

آتشزدگی

کراچی : سہراب گوٹھ کے قریب مچھر کالونی اسکریپ کے 15 گوداموں میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، پلاسٹک، لنڈا کا کپڑا اور دیگر اشیا بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ 

اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ کے قریب مچھر کالونی میں قائم اسکریپ کے ایک گودام میں اچانک آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

آگ اس قدر شدید تھی کہ اس نے چند گھنٹوں میں اسکریپ کے 15گوداموں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کر دی گئی۔

مذکورہ گوداموں میں پلاسٹک، لنڈا کا کپڑا اور دیگر اشیا بڑی تعداد میں موجود ہیں، ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہ ہوسکی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اس حوالے سے فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کیلیے عملے کو پانی کی کمی کا سامنا ہے، پانی کے مزید 2 ٹینکر طلب کرلیے گئے ہیں آگ پر جلد قابو پالیا جائیگا۔ جائے وقوعہ پر پولیس اور رینجرز کی نفری بھی موجود ہے۔

مزید پڑھیں : کراچی میں فوڈ ڈلیوری گودام میں خوفناک آتشزدگی

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے ناظم آباد عیدگاہ کے قریب فوڈ ڈلیوری کے گودام میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا، آگ عمارت کے بیسمنٹ میں لگی جس پر کئی گھنٹوں بعد قابو پایا گیا۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر 5 گھنٹے سے زائد کا وقت گزر گیا تھا اور فائر فائٹرز گودام کے بیسمنٹ میں بھی داخل نہیں ہوسکے تھے۔