کراچی: گبول ٹاؤن میں گارمنٹس فیکٹری میں لگی آگ شدت اختیار کر گئی ہے، آگ تیسرے درجے کی قرار دے دی گئی، شہر بھر سے فائر ٹینڈر طلب کر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق نیو کراچی کے علاقے گبول ٹاؤن میں گارمنٹس فیکٹری میں آتش زدگی شدت اختیار کر گئی ہے، فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیاں قابو پانے میں مصروف ہیں۔
[bs-quote quote=”آگ پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”سعید غنی” author_job=”وزیر بلدیات سندھ”][/bs-quote]
آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیاں طلب کر لی گئی ہیں، آتش زدگی کے باعث فیکٹری میں موجود 2 مزدور معمولی زخمی ہوئے ہیں۔
واٹر بورڈ کو تنگ گلیوں کے باعث فائر باؤزرز کو پانی پہنچانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان کا کہنا ہے کہ اب تک 65 ہزار گیلن سے زائد پانی فراہم کیا جا چکا ہے، مزید ٹینکروں کے ذریعے پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔
دوسری طرف فائر بریگیڈ کی درخواست پر ایم ڈی واٹر بورڈ نے ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، ایم ڈی نے ہائیڈرنٹس اور ٹینکرز سیل افسران کو متاثرہ جگہ پہنچنے کی ہدایت کر دی۔
واٹر بورڈ کے ایم ڈی نے بتایا کہ فائر باؤزرز کو آگ پر مکمل قابو پانے تک پانی کی فراہمی جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: کمسن بیٹی کو قتل کرنے والا سفاک باپ گرفتار
دریں اثنا، وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی کی جانب سے بھی فائر بریگیڈ اور واٹربورڈ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، سعید غنی نے کہا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انھوں نے ہائیڈرنٹس اور ٹینکرز سیل کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ فوری متاثرہ مقام پر پہنچیں، اور پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔