کراچی : ہوائی فائرنگ میں ملوث 7 ملزمان اسلحہ سمیت گرفتار

ملزمان

کراچی : (14 اگست 2025) شہر قائد میں جشن آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ میں ملوث 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ رات 12 بجے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ میں ملوث7ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کو نیو کراچی کے مختلف سیکٹرز سے گرفتار کرکے ان کیخلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔

ایس ایس پی فیضان علی نے بتایا کہ ضلع کیماڑی میں ہوائی فائرنگ میں ملوث7ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں جبکہ پاپوش نگر میں ہوائی فائرنگ میں ملوث 2 ملزمان کو اسلحہ سمیت حراست میں لیا گیا۔

کراچی میں ہوائی فائرنگ : بچی سمیت 3 افراد جاں بحق، 57 زخمی

واضح رہے کہ 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب رات 2 بجے کے بعد پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر کراچی کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر بچی سمیت 3 افراد جاں بحق اور 57 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں بچے اور 4 خواتین بھی شامل ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں میں سے متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔