راولپنڈی: وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی کے باہر فائرنگ سے ایک بچہ زخمی ہوگیا۔
اطلاعات کے مطابق وزیرداخلہ شیخ رشید کی رہائش گاہ کے باہر نامعلوم افراد نے اندھادھند فائرنگ کی جس کی زد میں آکر ایک بچہ زخمی ہوگیا۔
آٹھ سالہ بچے کو ایک گولی لگی اور اسے زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زخمی بچےانس علی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
لال حویلی کےباہر رواں ہفتےفائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے اس سے قبل بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی جس کا مقدمہ مقامی تھانے میں درج کیا گیا تھا۔
فائرنگ کے دونوں واقعات کے دوران وزیرداخلہ شیخ رشید رہائش گاہ میں موجود نہیں تھے۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور دیگر ریسکیو ٹیمیں پہنچ گئیں۔
پولیس نے ابتدائی شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور اہل محلہ سے واقعے کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں جب کہ سی سی ٹی وی کیمروں سے ویڈیوز بھی حاصل کی جارہی ہیں۔