کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا جس کے بعد پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 19 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 2 کیسز کے بعد کوئٹہ میں کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا جس کے بعد پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 19 ہوگئی۔
ڈاکٹر شمس کے مطابق بچہ گزشتہ رات خاندان کے ہمراہ تفتان سے کوئٹہ پہنچا تھا، فاطمہ جناح اسپتال میں بچےمیں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔متاثرہ بچے کا تعلق سندھ کے ضلع دادو سے ہے۔ بچے کا خاندان تفتان کے راستے ایران سے واپس آنے والے زائرین میں شامل ہے۔
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت کی بدلتی ہوئی صورت حال پر گہری نظر ہے،رپورٹ ہونے والےکیسز کی بہترین طبی نگہداشت کی جا رہی ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں صورت حال مکمل قابومیں ہے، وفاق،صوبے عوام کو کرونا سے بچاؤ کے لیے ہنگامی بنیاد پرکام کر رہے ہیں۔
242/حکومت کی بدلتی ہوئی صورتحال پر گہری نظر ھے رپورٹ ہونیوالے نیے کیسز کو بہترین طبی نگہداشت کی جارہی ھے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں صورتحال مکمل طور پر قابو میں ھے وفاقی اور صوبائی حکومتیں ملکر عوام کو کروانا وائرس سے بچاؤ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہیں
— Zafar Mirza (@zfrmrza) March 10, 2020
یاد رہے گزشتہ روز کراچی میں کرونا کے 8 نئے کیسز سامنے آئے تھے ، جن میں 5 مریضوں نے شام براستہ دوحہ سفر کیا اور 3 مریضوں نے لندن براستہ دبئی سفر کیا تھا۔
وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ کرونا سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر اجلاس ہوتا ہے، بیرون ملک سے آنے والوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا ہے، آج رپورٹ ہونے والے افراد ایران سے نہیں آئے، متاثرہ افراد لندن اور دبئی سے آئے ہیں۔