وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان پہلی ملاقات بے نتیجہ ختم

وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان پہلی ملاقات بے نتیجہ ختم

اسلام آباد: نگراں وزیر اعظم کے نام پر اتفاق کیلیے وزیر اعظم شہباز شریف اور قائد حزب اختلاف راجہ ریاض کے درمیان ہونے والی پہلی ملاقات بے نتیجہ ختم ہوگئی۔

وزیر اعظم ہاؤس میں شہباز شریف سے ملاقات کے بعد راجہ ریاض نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیر اعظم کی ایڈوائز پر کل صدر مملکت عارف علوی نے اسمبلی تحلیل کر دی، آج سے 3 دن کے اندر نگراں وزیر اعظم پر مشاورت کرنی ہے، وزیر اعظم کی دعوت پر آج پہلی نشست ہوئی اور ہم دونوں نے نام رکھے۔

راجہ ریاض نے کہا کہ ہماری ایک گھنٹہ مشاورت ہوئی ہے، میں نے شہباز شریف سے درخواست کی اسے کل تک لے جائیں، ان سے کہا کہ آپ میرے اور میں آپ کے ناموں پر غور کر لوں، کل تک میں اور وزیر اعظم ناموں پر غور کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نام زیادہ ہیں مگر نگراں وزیر اعظم ایک بنے گا، نگراں وزیر اعظم کیلیے 6 نام ہمارے سامنے آ چکے ہیں، کل پھر مشاورت ہوگی امید ہے چیزیں کلیئر ہو جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم سے مشاورت میں طے کیا کہ امیدواروں کا نام سامنے نہیں لائیں گے، نگراں وزیر اعظم کا تعلق کس شعبے سے ہوگا وہ نہیں بتا سکتے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ وزیر اعظم کو نہیں پتا تھا کہ میں نے کون سے نام دینے ہیں اور مجھے بھی نہیں پتا تھا کہ وزیر اعظم کون سے نام دیں گے، پورا یقین ہے کہ میں اور وزیر اعظم کسی ایک نام پر متفق ہو جائیں گے۔