اللہ کا شکر ہے سسرال والے زندہ ہیں، فرسٹ منسٹر اسکاٹ لینڈ

اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف کا کہنا ہے کہ غزہ میں پھنسے ان کے سسرال والوں سے ان کا رابطہ آخرکار ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی نژاد فرسٹ منسٹر اسکاٹ لینڈ حمزہ یوسف نے ایک ٹوئٹ میں آج بتایا ہے کہ ’’اللہ کا شکر ہے سسرال والے زندہ ہیں۔‘‘

انھوں نے لکھا ’’آج صبح غزہ میں اپنے سسرال والوں سے بات ہوئی، اللہ کا شکر ہے سسرال والے خیریت سے ہیں، تاہم ان کے پاس پینے کا صاف پانی ختم ہو چکا ہے۔‘‘

حمزہ یوسف نے ٹوئٹ میں لکھا کہ تشدد روکنے کے لیے اقوام متحدہ کی قرارداد پر عمل درآمد ہونا چاہیے، غزہ میں بنا کسی تاخیر بڑی مقدار میں امداد فراہمی کی ضرورت ہے۔

قیدیوں کے تبادلے کے لیے حماس فوری تیار، نیتن یاہو مشکل میں گرفتار

واضح رہے کہ اسرائیلی فورسز تسلسل کے ساتھ غزہ کے اسپتالوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، ہلال احمر کے مطابق اسرائیل نے القدس اسپتال فوری خالی کرنے کی دھمکی بھی دے دی ہے، اور صبح سے اسپتال کے اطراف چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے غزہ کے سب سے بڑے الشفا اسپتال کے قریب بھی بمباری کی، اسپتال میں ہزاروں فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی ہے، بمباری میں اس اسپتال کے ارد گرد کی رہائشی عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں۔

غزہ میں پیاروں کی تدفین کی جگہ نہیں بچی ہے، اور سیکڑوں افراد کو اجتماعی قبروں میں سپرد خاک کیا گیا، 1700 سے زائد افراد ملبے تلے دفن ہیں، اقوامِ متحدہ کی سیکیورٹی کونسل نے متحدہ عرب امارات کی درخواست پر پیر کو ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔