اسکردو اور گرد ونواح میں موسم سرما کی پہلی برف باری

اسکردو شہر اور گردو نواح میں موسم سرما کی پہلی برف باری کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، برفباری کی وجہ سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی۔

نمائندہ اے آر وائی نیوز  شہزاد عالم کے مطابق برف باری کے باعث40فیصد بالائی علاقوں کا اسکردو سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا اور قومی ائیرلائن کی پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے رات تک جاری رہے گا، اسکردو،گوپس میں درجہ حرارت منفی9ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، استور میں منفی 5، مالم جبہ اور بگروٹ میں منفی 4ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے بعض اضلاع میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ہفتہ کی رات سے بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگا۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کومراسلہ جاری کردیا، مراسلے میں ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات دی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق موسلا دھار بارشوں سے مقامی ندی نالوں میں فلیش فلڈ اور بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ بارشوں کا سلسلہ منگل کے روز تک وقفے وقفےسے جاری رہنے کا امکان ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ جہاں لینڈ سلائیڈنگ کاخطرہ ہو وہاں پرلنک روڈز کی بحالی کے لیے چھوٹی بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنائیں، اس کے علاوہ سیاحوں کو ان کی آمد پر موسم کی تازہ صورت حال سے لازمی آگاہ کیا جائے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے۔