لاہور ہائی کورٹ بار کے الیکشن میں پہلی بار خاتون سیکریٹری منتخب

لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے الیکشن میں ڈیڑھ سو سالہ تاریخ میں پہلی بار خاتون سیکریٹری منتخب ہوگٸیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ بار کے سالانہ انتخابات کا میدان حامد خان گروپ کے صدارتی امیدوار اشتیاق اے خان نے میدان مار لیا۔ صدراتی نشست پر انہوں نے سات ہزار دو سو ترانوے ووٹ حاصل کیے جبکہ عاصمہ جہانگیر گروپ کے لہراسب گوندل تین ہزار تین سو بہتر ووٹ حاصل کیے۔

نائب صدر کی سیٹ پر ربیعہ باجوہ تین ہزار پانچ سو نوے ووٹ لے کر فاتح قرار پائیں جبکہ سیکریٹری کی سیٹ پر صباحت رضوی نے چار ہزار تین سو دس ووٹ لے کر ہائی کورٹ کی تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی مرتبہ سیکریٹری منتخب ہوئیں۔

فنانس سیکرٹری کی سیٹ پر شاہ رخ شہباز وڑائچ سات ہزار ایک سو ووٹ لے کر فاتح قرار پائے۔ فاتح امیدواروں کی جانب سے ہائی کورٹ کے احاطے میں جیت کا جشن منایا گیا۔ حامی ووٹرز کی جانب سے نعرے بازی اور گل پاشی کر کہ امیدواروں کو مبارک باد دی۔

لاہور ہائی کورٹ بار کے سالانہ انتخابات میں چار عہدوں پر چودہ امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ دس ہزار پانچ سو ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔