کام کا معاوضہ مانگنے کیلیے لوگوں کے سامنے رونا پڑا، فضا علی

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل فضا علی نے ماضی میں اپنے کام کا معاوضہ لینے کیلیے لوگوں کے سامنے رونے کا تلخ قصہ بیان کر دیا۔

نجی نیوز چینل کے مزاحیہ شو میں فضا علی نے بتایا کہ میں نے 18 لاکھ روپے کا فلیٹ خریدا تھا اور یقین نہیں تھا کہ اتنے کم وقت میں وہ اچھے پیسوں میں فروخت بھی ہو جائے گا۔

فضا علی نے بتایا کہ والدہ کی طبیعت خراب تھی اور ان کے علاج کیلیے پیسوں کی سخت ضرورت تھی، آپ کو تو معلوم ہے شوبز میں زیادہ تر لوگ کام کے پیسے دیتے ہیں جبکہ بعض کھا جاتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مجھے والدہ کے علاج کیلیے پیسے مانگنے کیلیے اُن لوگوں کے سامنے رونا پڑا تھا، میرے سیریلز سے دور ہونے کی وجہ بھی یہی تھی کہ بہت سے لوگ پیسے کھا جاتے تھے۔

اداکارہ و ماڈل نے بتایا کہ والدہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں اور ان کے علاج کیلیے مجبوراً فلیٹ بیچنا پڑا، اگر وہ لوگ میرا معاوضہ دے دیتے تو گھر فروخت نہ کرنا پڑتا۔

فضا علی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اتنا کرم کیا کہ 18 لاکھ روپے کا فلیٹ اُس مشکل وقت میں 40 لاکھ روپے میں فروخت ہوگیا جس سے ساری ضروریات پوری ہوگئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے والدہ کیلیے قربانی دی اور آج اللہ مجھے اتنا سب کچھ دے بیٹھا ہے۔