امریکا میں فلائٹ اٹینڈنٹ آپس میں لڑ پڑے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
امریکی ریاست لاس اینجلس سے ہیوسٹن جانے والی اسکائی ویسٹ کی حالیہ پرواز میں سوار مسافروں کو فلائٹ اٹینڈنٹ کے جھگڑے کی وجہ سے ایک گھنٹے سے زائد انتظار کرنا پڑا۔
دونوں کے درمیان جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب فرسٹ کلاس میں ساتھ بیٹھی مسافر نے ایک شخص کے ساتھ سیٹ تبدیل کرنے کی درخواست کی کیونکہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ بیٹھنا چاہتی تھی۔
رپورٹ کے مطابق مرد اٹینڈنٹ نے خاتون اٹینڈنٹ پر چیخنا شروع کر دیا۔تھوڑی دیر بعد خاتون ملازمہ دروازے کے سامنے گئی اور رونے لگی۔
جب مسافر روانگی کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے تو عملے کے کچھ اور ارکان اور پائلٹ صورتحال سے نمٹنے کے لیے باہر نکل آئے۔ تقریباً ایک گھنٹے بعد دوسرے فلائٹ اٹینڈنٹ کو بلوایا گیا۔
ہزاروں ردعمل کے ساتھ ویڈیوز کے وائرل ہونے کے فوراً بعد، اسکائی ویسٹ نے فاکس نیوز ڈیجیٹل کو بتایا کہ وہ اپنی فلائٹ 4860 پر فلائٹ اٹینڈنٹ کے مسئلے کی خبروں سے آگاہ ہیں۔
اسکائی ویسٹ نے ایک ای میل بیان میں بتایا کہ اسکائی ویسٹ فلائٹ اٹینڈنٹ کے مسئلے سے متعلق رپورٹس سے واقف ہے جس کی وجہ سے فلائٹ 4860، جو امریکن ایگل کے طور پر لاس اینجلس سے ہیوسٹن تک چل رہی ہے، کو ہفتہ کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہم اپنے مسافروں کو ہونے والی تاخیر پر معذرت خواہ ہیں ہم اپنے تمام ملازمین کو پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ معیار پر فائز کرتے ہیں اور اس پرواز سے متعلق تحقیقات کر رہے ہیں۔