کراچی: دھند کی وجہ سے ملتان اور پشاور ایئرپورٹس پر لینڈنگ اور ٹیک آف میں مشکل پیش آنے کے سبب 8 پروازیں لاہور، کراچی اور اسلام آباد منتقل کر دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ایوی ایشن ذرائع نے بتایا ہے کہ اسلام آباد، گلگت، کراچی، لاہور اور دبئی کی 8 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جدہ سے پشاور سعودی ایئر لائن کی پرواز ایس وی 796 اسلام اباد اتار لی گئی۔
جدہ سے ملتان کی پی آئی اے کی پرواز پی کے 842 لاہور اتاری گئی، مدینہ سے ملتان کی پی آئی اے کی پرواز پی کے 716 کی بھی لاہور میں لینڈنگ کرائی گئی، دبئی سے ملتان کی پی آئی اے کی پرواز پی کے 222 بھی لاہور منتقل کر دی گئی۔
نجی ایئر لائن کی جدہ سے ملتان کی پرواز پی اے 871 کو کراچی اتار لیا گیا، شارجہ سے پشاور کی پی آئی اے کی پرواز پی کے 258 اسلام آباد میں لینڈ کر گئی، پی آئی اے کی دبئی سے پشاور کی پرواز پی کے 284 اسلام اباد منتقل کی گئی، پی آئی اے کی دوحہ پشاور کی پرواز پی کے 286 کو اسلام آباد لینڈ کرایا گیا۔
پنجاب دھند کی لپیٹ میں، موٹر ویز کے متعدد سیکشنز بند
پاکستان میں موسم کی خرابی کی وجہ سے فضائی سفر دوسرے ہفتے میں بھی متاثر رہا ہے، نئے سال کے پہلے 10 دن میں پاکستان کی 320 پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں۔