اسلام آباد : نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے یکم سے 3 ستمبر ممکنہ بارشوں کے باعث متعدد علاقوں کے لیے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق مشرقی دریاؤں کے بہاؤ میں شدید اضافے کا خدشہ ہے۔
دریائے ستلج میں اس وقت 2 لاکھ 53 ہزار کیوسک کا غیر معمولی بہاؤ ہے، مزید 3 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلہ دریائے ستلج میں متوقع ہے۔
دریائے راوی جسر کے مقام پر بہاؤ60ہزار کیوسک ہے جو 1.5 لاکھ تک جاسکتا ہے جبکہ نالہ بین، ڈیک اور بسنتَر میں شدید طغیانی کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے چناب مرالہ پر بہاؤ 94 ہزار کیوسک ہے جس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
مقبوضہ کشمیر، جموں و ڈیموں سے اخراج دریاؤں میں سیلاب کا سبب بن سکتا ہے، دریائے چناب کے معاون نالوں پلکو، جموں توی، منورتوی میں بھی شدید طغیانی خطرہ ہے۔
سیلاب کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے، فصلیں و بستیاں متاثر ہونے کا قوی امکان ہے مقامی آبادی و کسان ہائی الرٹ رہیں، حفاظتی اقدامات کریں۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ دریا کے کنارے اور واٹر ویز پر رہنے والے فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں، انخلا کے بعد واپسی کیلئے اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔
علاوہ ازیں ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے افسران ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں کی کڑی نگرانی کر رہے ہیں۔
این ڈی ایم اے کا نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر 24 گھنٹے مکمل فعال ہے، عوام سیلاب زدہ علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔