خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب نے ایک بار پھر تباہی مچا دی۔
ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلے کے باعث 4 بچے جاں بحق ہو گئے جب کہ ایک لاپتہ ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔
مدین کے دور افتادہ علاقے شنکو میں ایک گھر پر لینڈسلائیڈنگ ہوئی جس کے نتیجے میں 3 بچےدب کر جاں بحق اور ماں زخمی ہو گئی۔
مالم جبہ کے علاقہ سورڈھیر میں 2 بچے سیلابی ریلے میں بہہ گئے جس میں ایک 7 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا اور دوسرا تیز پانی میں لاپتہ ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔
بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کاسلسلہ جاری ہے اور دریائےسوات کے نشیبی علاقوں سے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی شروع کر دی ہے۔
مکینوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے سیلاب سے متعلق پیشگی الرٹ جاری نہیں کیا۔