پنجاب کے دریاؤں میں سیلاب، فوج طلب کرلی گئی

بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے بعد پنجاب کے دریاؤں میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر سول انتظامیہ کی مدد کیلئے فوج طلب کرلی گئی ہے۔

بھارت نے دریائے راوی پر قائم ڈیم کے تمام گیٹ کھول دیے جس کے باعث دریائے چناب میں بھی پانی کے بہاؤ میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی آبی جارحیت سے پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی جس سے نمٹنے کیلیے سول انتظامیہ کی مدد کیلئے پنجاب کے7اضلاع میں فوج طلب کرلی گئی ہے۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق حکومت پنجاب نے فوری امدادی اقدامات کیلئے اہم فیصلہ کرتے ہوئے قصور، سیالکوٹ، نارووال میں فوج طلب کی ہے۔

ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، پولیس پہلے سے متحرک ہیں، قصور، سیالکوٹ، نارووال کے ڈی سیز نے فوج کی فوری تعیناتی کی درخواست دی۔

ضلعی امداد اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بروقت فیصلہ کیا گیا ہے، محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی وزارت داخلہ کو فوجی تعیناتی کیلئے مراسلہ ارسال کیا ہے۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ ریسکیو و امدادی سرگرمیوں کیلئے فوج کو طلب کیا جا رہا ہے، فوجی دستوں کی تعداد ضلعی انتظامیہ سے مشاورت کے بعد طے ہوگی۔

مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ سیلابی علاقوں میں آرمی ایوی ایشن سمیت دیگر وسائل بھی فراہم ہوں گے، پنجاب حکومت کے تمام ادارے سیلابی صورتحال کو 24 گھنٹے مانیٹر کررہے ہیں،

محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

دریائے چناب پر انتہائی خطرناک سیلاب

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر بہاؤ 9 لاکھ 20 ہزار کیوسک سے تجاوز کر چکا ہے جو کہ انتہائی خطرناک سیلابی سطح ہے جبکہ ہیڈ مرالہ کی ڈیزائن گنجائش 11 لاکھ کیوسک ہے جبکہ خانکی کے مقام پر 4 لاکھ 32 ہزار کیوسک ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر این ڈی ایم اے تمام ریسکیو و ریلیف آپریشن کی نگرانی کر رہا ہے۔ نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر 24 گھنٹے فعال ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تمام سول و عسکری اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ عوام حفاظتی اقدامات یقینی بناتے ہوے مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر لازمی عمل کریں اور امدادی ٹیموں سے رابطہ رکھیں۔

مزید پڑھیں : پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال، ادارے ہائی الرٹ

دریائے چناب، ستلج، راوی میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی وزرا کو خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔

وزیراعظم نے وفاقی وزرا کو سیلاب متاثرہ علاقوں کا فوری دورہ کرنے، امدادی کارروائیوں کی نگرانی کرنے اور اپنے متعلقہ حلقوں میں جانے کی ہدایت کر دی، ساتھ ہی شہریوں کا انخلا، ریسکیو و ریلیف کی سرگرمیوں کی خود نگرانی کرنےکی ہدایت کی ہے۔