لاہور : دریائے راوی میں آنے والا سیلابی ریلہ قریبی آبادیوں میں داخل ہوگیا ، جس کے باعث متاثرین موٹروے پر پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق دریائے راوی میں آنے والا سیلابی ریلہ قریبی آبادیوں میں داخل ہوگیا جس کے باعث بدروپنڈ، تعلق پورہ، مہنوال، چوہنگ، تھم پارک، برج اٹاری اور سادھاں ٹوری سمیت متعدد علاقے زیرِ آب آگئے۔
سیلابی صورتحال کے باعث متاثرہ افراد اپنے خاندانوں اور سامان کے ساتھ لاہور۔اسلام آباد موٹروے پر پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔
ٹھوکر نیاز بیگ سے موٹروے کے نیچے بیشتر آبادیوں میں پانی داخل ہونے کے بعد کئی خاندان رات بھر کھلے آسمان تلے موٹروے پر مقیم رہے۔
پاکستان میں سیلاب سے متعلق خبریں
دوسری جانب، دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر سیلابی پانی میں بتدریج کمی ہونا شروع ہوگئی ہے، ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دریائے راوی میں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 20 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا تھا تاہم چند گھنٹوں میں اس میں 9 ہزار کیوسک کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد موجودہ بہاؤ 2 لاکھ 11 ہزار کیوسک رہ گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ شاہدرہ کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں کمی آرہی ہے اور تمام اداروں کے درمیان بہتر کوآرڈینیشن کے باعث جانی نقصان سے بچا گیا ہے۔
سیلابی ریلے سے متاثرہ علاقوں میں اب بھی پانی کھڑا ہے جس کے باعث لوگوں کو نقل مکانی اور بنیادی ضروریات کی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔