اظہر علی نے آئی سی سی سے بڑا مطالبہ کردیا

اظہر علی

قومی ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی نے آئی سی سی سے فلوریڈا میں شدید سیلاب کی وارننگ کے باعث میچز فلوریڈا سے منتقل کرنے کا مطالبہ کردیا۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا آخری گروپ میچ اتوار 16 جون کو لارڈ ہل کے سینٹرل بروورڈ ریجنل پارک اسٹیڈیم میں آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔

گروپ اے کے آخری تین میچ فلوریڈا میں ہوں گے کیونکہ ٹیمیں سپر ایٹ میں جگہ حاصل کرنے کے لیے مدمقابل آئیں گی۔

بھارت نے گروپ اے سے ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے تاہم پاکستان اور امریکا اب بھی سپر 8 میں جگہ بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

امریکا اور آئرلینڈ کا میچ آج کھیلا جائے گا لیکن پورے ہفتے کے لیے شدید گرج چمک کے ساتھ طوفان کی پیش گوئی کی گئی ہے اگریہ میچ ختم ہوگیا تو پاکستان میگا ایونٹ سے باہر ہوجائے گا کیونکہ امریکا اور آئرلینڈ دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ ملے گا اور یوں امریکا 5 پوائنٹس کے ساتھ کوالیفائی کرلے گا۔

تاہم مقامی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے اظہر علی نے آئی سی سی سے کہا ہے کہ وہ ان میچز کو منتقل کرنے پر غور کرے، فلوریڈا کے حالات کو دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے کہ میچز نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ دو میچز ایک ہی مقام پر ہوں گے مجھے یقین ہے کہ اس میں شامل ٹیموں نے آئی سی سی سے رابطہ کیا ہوگا کہ کھیلوں کو کسی دوسرے شہر میں منتقل کیا جائے۔

اظہر علی نے کہا کہ آئی سی سی پہلے ہی نیویارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کی خراب پچز پر شدید تنقید کی زد میں ہے اس لیے انہیں فوری ایکشن لینا چاہیے۔