فلور ملز اور ایف بی آر کے مذاکرات پھر ناکام

فلور ملز مذاکرات

اسلام آباد: چیئرمین ایف بی آر نے فلور ملز ایسوسی ایشن سے مذاکرات میں ودہولڈنگ ٹیکس واپس لینے سے انکار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق فلور ملز اور ایف بی آر میں مذاکرات ناکام ہوگئے ، چیئرمین فلار ملز ایسوسی ایشن شفیق انجم نے بتایا کہ چیئرمین ایف بی آر نے ودہولڈنگ ٹیکس واپس لینےسے انکار کیا تاہم مطالبات منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔

شفیق انجم کا کہنا تھا کہ چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر کیساتھ ویڈیو لنک میٹنگ کی تھی ،صوبائی وزیر اور سیکرٹری خوراک نے ہمارے مؤقف کی تائید کی۔

چیئرمین فلار ملز ایسوسی ایشن نے خبردار کیا کہ 2 روز بعد وسیع پیمانے پر آٹے کے بحران کا خدشہ ہے۔

خیال رہے ودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے خلاف آل پاکستان فلار ملز ایسوسی ایشن کی ہڑتال دوسرے روز میں داخل ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے ملک میں آٹے کی قلت کا خدشہ ہے۔

ہڑتال کے باعث ملز سے مقامی مارکیٹس کو آٹے کی ترسیل بند ہوگئی اور دو دن سے گندم کی کرشنگ اور گرائنڈنگ روکی ہوئی ہے۔

کراچی،لاہور،ملتان، فیصل آباد، حیدر آباد،سکھر،پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں ملز سے مقامی مارکیٹس کو آٹے کی ترسیل مکمل طور پر بند ہے۔

پاکستان فلار ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے ہم ٹیکس ایجنٹ نہیں بن سکتے، ود ہولڈنگ ٹیکس واپس لیں، ٹیکسز کے خلاف احتجاج جاری رہے گی۔