اسلام آباد : وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ خیرات سے ملک نہیں چل سکتے، تمام طبقات کو ٹیکس دینا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قائمہ کمیٹی کو معاشی کارکردگی پر بریفنگ دی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ خیرات سے ملک نہیں چل سکتے،تمام طبقات کوٹیکس دینا ہوگا، معیشت کو ہر حال میں ٹیکسوں کی ضرورت ہے۔
انھوں نے بتایا کہ حکومت معیشت کی بہتری کے لیے مسلسل کوششیں کررہی ہے، رواں مالی سال کے آغاز سے ہی معیشت کی بہتری کے آثار نظر آ رہے ہیں۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کر رہا ہے، فچ نے پاکستان کی ریٹنگ بہترکی ہے،اسٹیٹ بینک نے بنیادی شرح سود کم کیا ہے۔
کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ رائٹ سائزنگ سے متعلق تفصیلی رپورٹ تیار کی ہے، اداروں کی نجکاری پر بڑی تیزی سے کام کیا جا رہا ہے، 40 اداروں کی رائٹ سائزنگ کی منصوبہ بندی ہے،یہ کہنا بڑا آسان ہے کہ اس ادارے کو بند کردو فلاں کو بند کر دو۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کئی اداروں کی نجکاری کا معاملہ نجکاری کمیشن کو سونپا جا چکا ہے، ہم 40سےزائد وزارتوں کا جائزہ لے رہے ہیں لیکن ابھی ہم 5 ، 5 وزارتوں کے بیچ پر کام کر رہے ہیں، جن اداروں یا وزارتوں کی حکومت کو ضرورت نہیں ہم ان پر کلیئر ہیں۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ سندھ حکومت نے کر دکھایا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کیسے چلتی ہے، نان ڈویلپمنٹ اخراجات پر بھی ہم کام کر رہے ہیں۔