اسلام آباد : وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ معاشی محاذ پر ہم بہترین پوزیشن میں آگئے ہیں، نجی شعبےکی شراکت سےمعیشت مستحکم ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاک سعودی بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مائیکرو اکنامک اسٹیبلیٹی کے لیے کام کیا ہے، پاکستان کی معیشت میں سعودی عرب نے بہت اچھا کردار ادا کیا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں خاطرخواہ کمی آرہی ہے، زرمبادلہ کے ذخائرمیں اضافہ، روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں پاکستانی معیشت میں مسلسل استحکام آرہاہے، ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے،مہنگائی مسلسل کم ہورہی ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ معاشی محاذ پر ہم بہترین پوزیشن میں آگئے ہیں، معاشی اصلاحات کی بہتری کیلئے کام کررہے ہیں، نجی شعبے کی شراکت داری سے ملکی معیشت کو مستحکم کرسکتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کا کام کاروبارکرنا نہیں، پالیسی فریم ورک میں تسلسل دینا ہے، معاشی اصلاحات کیلئے بہت پُرعزم ہیں۔