امریکا ایران کشیدگی؛ وزیر خارجہ کے سعودی، ایرانی، اماراتی اور ترک ہم منصب سے رابطے

اسلام آباد: جنرل سلیمانی کے قتل کے بعد امریکا اور ایران میں کشیدگی بڑھنے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سفارتی محاذ پر سرگرم ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایران امریکا کشیدگی کے تناظر میں مختلف ممالک سے سفارتی رابطے تیز کر دیے ہیں، وزیر خارجہ نے ایرانی، ترک اور یو اے ای کے ہم منصب سے رابطے کیے ہیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی وزیرخارجہ جوادظریف سےٹیلیفونک رابطہ کیا اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، ٹیلیفونک گفتگو میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ حالات اور جنرل سلیمانی کے قتل کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ نے سعودی، ترک اور یو اے ای کے ہم منصب کو بھی ٹیلیفون کیا اور خطے کی مجموعی صورتحال اور امریکا ایران کشیدگی پر بات چیت کی۔

قبل ازیں امریکا ایران کشیدگی اور خطے کی موجودہ صورت حال کے حوالے سے افواج پاکستان کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ خطے میں امن کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے لیکن امن خراب کرنے والے کسی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ وزیر اعظم اور آرمی چیف بھی کہہ چکے ہیں کہ ہم اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیں گے، ہم خطے میں امن چاہتے ہیں مگر ملکی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں ہوگا۔