اسلام آباد: پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نےدورہ جاپان منسوخ کردیا،انہوں نے آج چار روزہ دورے پر جاپان روانہ ہونا تھا۔
تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی کا 24 سے 27 فروری تک دورہ جاپان طے تھا، اس دورے میں انہوں نے جاپانی وزیر اعظم شینزو ایبے سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کرنا تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دورےکانیاشیڈول باہمی مشاورت کے بعد جاری کیاجائےگا،دورہ منسوخی کافیصلہ جاپانی حکام سےمشاورت کےبعدکیاگیا۔ یہ بھی بتایا جارہاہے کہ منسوخی کا سبب پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی ہے تاکہ وزیر خارجہ ان امور پر زیادہ توجہ اور تندہی سے کام کرسکیں۔
شاہ محمود قریشی کا دورہ ان کے جاپانی ہم منصب تارو کونو کی دعوت پر شیڈول کیا گیا تھا۔ دورے کے دوران انہوں نے پاک جاپان دوستی پارلیمنٹری لیگ، پاک جاپان بزنس تعاون کمیٹی کے چیئر مین ٹیورو اسادا سے بھی ملاقاتیں کرنا تھیں۔ ساتھ ہی ساتھ جاپان انسٹی ٹیوٹ آف انٹر نیشنل افیئرز میں تقریر کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں جاپانی دانشور طبقے سے بھی ملاقات کرنا تھی۔
یاد رہے کہ پاکستانی وزیر خارجہ کا یہ دورہ سات سال کے تعطل کےبعد طے پایا تھا، اوراس سے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ اسٹریٹجک، دفاعی اور کاروباری امور میں بہتری کے بے پناہ امکانات تھے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے وسط میں شاہ محمود قریشی عالمی سیکیورٹی کانفرنس میں شرکت کرنے کے لیے میونخ بھی گئے تھے، جہاں انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور افغانستان میں قیام امن کےلیے پاکستان کی اہمیت اور قربانیوں کو اجاگر کیا تھا۔