ن لیگ میں بہت سے لوگ جنوبی پنجاب صوبے کے حق میں ہیں: شاہ محمود

ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ایم ایل این میں بہت سے لوگ صوبہ جنوبی پنجاب کے حق میں ہیں، ن لیگ سے صوبے پر منطقی بات کریں گے، ملتان 3 ضلعوں کا صوبہ ممکن نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار شاہ محمود نے ملتان میں پریس کانفرنس میں کیا، انھوں نے کہا کہ ہم منطقی بات کر رہے ہیں، جنوبی پنجاب کی کاوش پروان چڑھانے میں ہماری مدد کریں۔

وزیر خارجہ نے کہا ’شاہد خاقان کو کہوں گا بل قوانین کے مطابق پیش ہوا ہے، بل پر ووٹنگ ہوئی اور خصوصی کمیٹی میں بھیج دیا گیا، ن لیگ کا بل بھی موجود ہے ہم اس سے بھی انکار نہیں کرتے۔‘

شاہ محمود نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو علیحدہ تشخص دینے کا وعدہ وفا کریں گے، آئین میں ترمیم سے جنوبی پنجاب صوبہ بنائیں گے، نیا صوبہ ملتان اور بہاولپور ڈویژن کے اضلاع پر مشتمل ہوگا، صوبے کی 120 نشستیں ہوں گی، اپناہائی کورٹ ہوگا، چیف جسٹس ملتان میں بیٹھے گا، بہاولپور بینچ ہائی کورٹ ملتان کا حصہ بن جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:  مسلم لیگ ن نے جنوبی پنجاب صوبے کی تحریک کی مخالفت کر دی

ان کا کہنا تھا کہ ترمیم کی دو تہائی اکثریت سے منظوری کے لیے دیگر جماعتوں کا تعاون درکار ہے، پیپلز پارٹی سے بل پر تبادلۂ خیال ہوا، پی پی نے مثبت جواب دیا، تجویز دی کہ جنوبی پنجاب پر بل کی تجویز مشترکہ لے کر چلیں۔

یاد رہے کہ قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب صوبے کی تحریک کی منظوری پر مسلم لیگ ن کے ارکان نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر احتجاج کیا تھا، ان کا مطالبہ تھا کہ بہاولپور اور جنوبی پنجاب 2 صوبے بننے چاہئیں۔