شاہ محمودقریشی کا شہید کیپٹن جنید عرفان کو خراج عقیدت پیش

اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے شہید کیپٹن جنید عرفان عباسی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا جنید عرفان نے ثابت کیاکہ لیڈرشپ کیاہوتی ہے ، ہرشخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں شہیدوں کے دروازے پر جائیں، ان ماؤں کوسلام پیش کریں، جنہوں نےہمارامستقبل سنوارنے کیلئے بیٹوں کی قربانی دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی یوم دفاع کے موقع پر شہید کیپٹن جنیدعرفان عباسی کے گھر پہنچے اور شہید کی والدہ کو گلدستہ پیش کیا جبکہ والدین سے اظہارعقیدت کیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا آج کیپٹن جنیدعرفان کے اہل خانہ سے ملنے کا شرف حاصل ہوا، آنے کا مقصد قابل  فخر بیٹے کو خراج تحسین پیش کرنا ہے، جس نے اس دھرتی کے لئے جان کا نذرانہ پیش کیا، جنید نے ثابت کیا کہ لیڈر شپ کیا ہوتی ہے۔

شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ کیپٹن جنید شہید کو اطلاع ملی کہ دہشت گرد حملے کی تیاری کررہا ہے، انھوں نے خود آپریشن کو لیڈ کیا اور جام شہادت نوش کیا،  کیپٹن جنید کا بھتیجا کہہ رہا ہے کہ میں فوج میں جاؤں گا اور چچا کا بدلہ لوں گا، جس قوم کے بچے میں یہ جذبہ پیدا ہوجائے تو اسے کوئی مٹا نہیں سکتا۔

انھوں نے کہا ہرشخص کی ذمہ داری ہےکہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں شہیدوں کےدروازے پر جائیں، ان ماؤں کوسلام پیش کریں، جنہوں نے ہمارامستقبل سنوارنے کیلئے بیٹوں کی قربانی دی، ہمیں اپنےشہیدوں اورغازیوں پرفخرہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ میں 1965 کے شہیدوں کو سلام پیش کرنا چاہتا ہوں، میں مقبوضہ کشمیر کے شہیدوں کی شہادت کا بھی اعتراف کرتا ہوں، آج33دن ہوگئے نہ جانے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے کیا حالات ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا آج وزیراعظم عمران خان مظفرآباد جائیں گے، شہیدوں کے خاندان سے ملیں گے، لائن آف کنٹرول پر یوم دفاع کا دن منائیں گے اور کشمیر میں قابل فخرافسران کیساتھ دن گزاریں گے۔

یاد رہے گذشتہ سال ستمبر میں شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی میں دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے کپیٹن جنید سمیت 7 اہل کاروں نے بھی جامِ شہادت نوش کیا تھا۔