عالمی برادری کو بھارت سے مقبوضہ کشمیرمیں پابندیاں ختم کرانی ہوں گی، وزیرخارجہ

اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کیوباکےنائب صدرسے ملاقات میں کہا 5 اگست کے بھارتی اقدام نے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ، عالمی برادری کو بھارت سے مقبوضہ کشمیرمیں پابندیاں ختم کرانی ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق کیوبا کے نائب صدرابرٹو مورالز اوجیدا نے وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ کا دورہ کیا ، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وفد کا استقبال کیا، اس موقع پر کیوبا کے نائب صدر رابرٹو مورالز اوجیدا نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، جس میں باہمی تعلقات، کشمیر کی صورتحال سمیت دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان کیوبا سےتعلقات قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، کیوبا نے مشکل گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، دونوں رہنماؤں میں دواسازی، طب اوربائیو ٹیکنالوجی میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا 5 اگست کےبھارتی اقدام نےخطےکےامن کوخطرےمیں ڈال دیا، مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں 87 دن سےبدترین کرفیو جاری ہے، عالمی برادری کو بھارت سے مقبوضہ کشمیرمیں پابندیاں ختم کرانی ہوں گی۔