کسی حد تک آزادی مارچ سے بھارت کو فائدہ ہوا ہے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ معاہدےکی پابند رہیں تو جو کہنا ہے کہیں کوئی قدغن نہیں، بیانیہ بدلنے کیلئے کسی حد تک آزادی مارچ سے بھارت کو فائدہ ہوا ہے، کوئی پاکستانی نہیں چاہےگاکہ کشمیریوں کاقاتل مودی پاکستان میں قدم رکھے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ریسکیو 1122 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم جب اسلام آباد کیلئے نکلے تو گوجرانوالہ میں حملہ ہوا، میرے حلقے میں آزادی مارچ کا قیام تھا تمام سہولتیں دیں، ہم عزت دینے والے ہیں اور عزت دیں گے، معاہدےکی پابند رہیں تو جو کہنا ہے کہیں کوئی قدغن نہیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کا زمانہ ہے کوئی چیز دبانا چاہیں تو بھی نہیں دب سکتی، ہمارا رویہ جمہوری ہے اور ہم اسے برقرار رکھیں گے، توقع کرتا ہوں آزادی مارچ کا رویہ بھی مناسب اور رواداری کا ہوگا۔

وزیر خارجہ نے کہا مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اورزیادتیاں دنیا بھر کامیڈیا اجاگرکررہاہے، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر آزادی مارچ کی وجہ سے میڈیا کی توجہ ہٹی ہے، بیانیہ بدلنے کیلئے کسی حد تک آزادی مارچ سے بھارت کو فائدہ ہوا ہے، بھارت یہ سمجھ رہا ہے کہ پاکستان اندرونی معاملات میں الجھ گیا ہے۔

کوئی پاکستانی نہیں چاہےگاکہ کشمیریوں کاقاتل مودی پاکستان میں قدم رکھے

کرتارپور راہداری کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کرتارپور خیرسگالی کا پیغام ہے، نو نومبر کو وزیراعظم افتتاح کریں گے، پاکستان نےسکھ کمیونٹی میں خیرسگالی کے جذبات کو ابھارا ہے، سکھ کمیونٹی پاکستان کی کاوش سے خوش ہے، ایسا 72سالوں میں نہیں ہوا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے پاکستان میں مذہبی آزادی ہے، مندر،گوردوارہ ، چرچ آباد ہیں سب بلاخوف جاسکتے ہیں، دوسری طرف مقبوضہ کشمیر میں نمازجمعہ کی اجازت نہیں دی جارہی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پرہمارااصولی مؤقف ہے جسے بھارت نے تسلیم کیا ہے، بھارت نے عالمی برادری ،کشمیریوں سے وعدے کئے جووفا نہیں ہوئے، کوئی پاکستانی نہیں چاہےگاکہ کشمیریوں کاقاتل مودی پاکستان میں قدم رکھے،من موہن سنگھ کو دعوت دی اور انہوں نے دعوت قبول کی ، من موہن سنگھ کرتارپور کی تقریب میں عام شہری کی حیثیت سے شرکت کریں گے

حریم شاہ سے متعلق انھوں نے کہا کہ ٹک ٹاک گرل کے دفتر خارجہ جانے کی تحقیقات ہوگئی، وزیر اعظم کو رپورٹ مل گئی ایکشن لیا جائے گا۔