غزہ : نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی بربریت کا سلسلہ برقرار ہے غزہ کے مکینوں کو بھول افلاس نے بھی جکڑ لیا۔
اس حوالے سے اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں صورتحال تیزی سے بگڑتی جا رہی ہے جب کہ وہاں صرف پانچ دن کے غذائی اجناس کا ذخیرہ باقی رہ گیا ہے۔
ورلڈ فوڈ پروگرام کے مطابق تباہی کی وجہ سے غذائی اجناس کو ذخیرہ کرنے میں پریشانی کا سامنا ہے، ضروری غذائی اجناس کا موجودہ ذخیرہ مزید 5دنوں تک کیلئے میسر ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق غزہ میں شہریوں کو روٹی تک رسائی بھی مشکل ہوگئی ہے، واحد فلور مل ایندھن کی کمی کی وجہ سے گندم پیسنے سے بھی قاصر ہے، 7 اکتوبر سے اب تک 11بیکریوں کو نشانہ بنا کر تباہ کیا جاچکا ہے۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے زور دیا ہے کہ اسے امداد اور طبی سامان کی فراہمی کے لیے غزہ تک فوری رسائی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے رفح کراسنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہم نے رفح کے جنوب میں امداد فراہم کی ہے اور غزہ میں داخلے کے لیے اجازت کا انتظار کر رہے ہیں۔