سعودی خاندان کو یقینی موت سے بچا لیا گیا

سعودی عرب میں غیر ملکی بالخصوص، پاکستانی، بنگالی اور بھارتی شہری بڑی تعداد میں روزگار کے لیے آباد ہیں ان ہی میں سے ایک بنگالی کارکن نے سعودی فیملی کو یقینی موت سے بچا لیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک سعودی شہری اپنی فیملی کے ہمراہ گاڑی میں سفر کر رہا تھا کہ اچانک گاڑی کے انجن میں آگ بھڑک اٹھی جس کو دیکھ کر گاڑی میں سوار فیملی کے اوسان خطا ہوگئے۔

اس موقع پر ایک بنگلہ دیشی کارکن تیزی سے وہاں آگ بجھانے والا سلنڈر لے کر پہنچا اور اس کی مدد سے گاڑی میں لگنے والی آگ کو بجھایا۔

بنگلہ دیشی کارکن کی یہ کاوش سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور اس کارنامے کی پورے سعودی عرب میں دھوم مچ گئی۔جس نے بھی دیکھا وہ اس کارکن کی ہمت کو داد دیے بغیر نہ رہ سکا اور کہا کہ نوجوان نے بروقت مدد کرکے سعودی خاندان کی جان بچائی ہے۔

بنگلہ دیشی کارکن نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ حادثے کے وقت دکان پر کام کر رہا تھا کہ دکان میں لگے کیمرے میں اس کی نظر گاڑی پر پڑی جس سے شعلے بلند ہو رہے تھے۔

نوجوان نے بتایا کہ وہ فوری طور پر آگ بجھانے والا سلنڈر دکان سے لیا اور مدد کے لیے پہنچ گیا۔ گاڑی کے انجن میں لگنے والی آگ کو بجھانے میں کامیاب رہا۔