پی سی بی الیکشن کیلیے گورننگ بورڈ تشکیل، وزارت بین الصوبائی رابطہ وزیراعظم سے ہدایت لے گی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے الیکشن کے لیے گورننگ بورڈ تشکیل کے معاملے پر وزارت بین الصوبائی رابطہ نگراں وزیراعظم سے ہدایات لے گی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کی سربراہی میں ایک ٹیم نے بین الصوبائی رابطے کے وزیر فواد حسن فواد سے طویل ملاقات کی جو خوشگوار ماحول میں ہوئی۔

اس ملاقات میں بورڈ سی ای او اور چیف الیکشن کمشنر نے وفاقی وزیر کو قانون سے متعلق بتایا اور کہا کہ بورڈ کی تشکیل کمیٹی کا اختیار ہے۔ اس موقع پر فواد حسن فواد نے بین الصوبائی رابطہ وزارت کی سفارش پر بورڈ میٹنگ ملتوی کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

میٹنگ میں چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے کہا کہ گورننگ بورڈ کون تشکیل دے گا اس پر کوئی اعتراض نہیں تاہم وقت کم ہے اور الیکشن پراسیس کے لیے گورننگ بورڈ کی فوری تشکیل ضروری ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی سی بی الیکشن کے لیے گورننگ باڈی کی تشکیل کے لیے وزارت بین الصوبائی رابطہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ہدایات لے گی۔

واضح رہے کہ منگل 16 جنوری کو پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کا کراچی میں اجلاس ہونا تھا جس میں دیگر امور کے علاوہ بورڈ کے الیکشن کے لیے گورننگ باڈی تشکیل دینا تھی، تاہم انعقاد سے چند گھنٹے قبل اجلاس کو غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔