لندن: سابق باکسر عامر خان کی اہلیہ و ماڈل فریال مخدوم کو فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھانے پر دھمکیاں ملنے لگیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق باکسر عامر خان کی اہلیہ و ماڈل فریال مخدوم نے دھمکی آمیز پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کردیا۔
دھمکی آمیز میسج میں لکھا گیا تھا کہ ’اگر وہ اسرائیل کو سپورٹ کریں اور فلسطینیوں کی حمایت بند کردیں تو انہیں بہترین انعام سے نوازا جائے گا۔‘
فریال مخدوم کو بھیجے گئے پیغام میں لکھا تھا کہ ’لیکن اگر وہ باز نہ آئیں اور مسلسل فلسطینیوں کے حق میں پوسٹ کرتی رہیں تو پھر انہیں سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔‘
Will this stop me? Nope. pic.twitter.com/4WtrbAXlN3
— Faryal Makhdoom (@FaryalxMakhdoom) November 2, 2023
واضح رہے کہ فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی جارحیت سے مزید 166 فلسطینی شہید ہوئے، جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے افراد کی تعداد 9227 ہوگئی ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ 271 شہید افراد میں 79 خواتین اور 76 بچے شامل تھے، مجموعی طور پر غزہ میں اب تک 2405 خواتین اور 3826 بچے شہید ہو چکے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ 32 ہزار 500 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ بیان کے مطابق 1200 بچے اب بھی تباہ شدہ عمارات کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا تھا کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی بمباری میں 136 طبی ورکرز شہید جبکہ 25 ایمبولینسیں تباہ ہوچکی ہیں۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ اسرائیل کی جانب سے 7 اکتوبر سے اب تک غزہ کے اسپتالوں پر 126 جبکہ طبی مراکز پر 50 حملے کیے گئے ہیں۔