مصباح‌ الحق نے زندگی کی 44 بہاریں‌ دیکھ لیں

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے زندگی کے 44 بہاریں دیکھ لیں‘ مصباح الحق 28 مئی 1974 کو میانوالی میں پیدا ہوئے‘ یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی سے تعلیم حاصل کی۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق آج اپنی44 ویں سالگرہ رمضان المبارک کی عقیدت میں خاموشی سے منارہے ہیں، سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر صارفین نے انہیں سالگرہ پر مبارک باد کے پیغامات دیے۔

مصباح الحق کے کیریئر پر ایک نظر

مصباح الحق نے نیوزی لینڈ کے خلاف سنہ دو ہزار ایک میں کھیلے گئے میچ سے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا۔ 2010ء میں اس وقت ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سنبھالی جب قومی ٹیم کے تین کرکٹر اسپاٹ فکسنگ میں ملوث پائے گئے، ٹیسٹ ٹیم کو نمبر ون پوزیشن پر لے جانے کا سہرا مصباح الحق کو ہی جاتا ہے۔

 واضح رہے کہ مصباح الحق کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو اس کی سرزمین پر دو ایک سے شکست دیکر پہلی بار ٹیسٹ سیریز جیتی ہے۔

مزید پڑھیں: کون ہوگا انڈر 19 ٹیم کا کوچ، یونس خان یا مصباح الحق؟

قومی ٹیم ٹیسٹ کو ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر پہلی مرتبہ ٹیسٹ سیریز میں کامیابی دلوانے والے سابقہ کپتان مصباح الحق جب وطن واپس آئے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا، مداحوں کی جانب سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

سنہ 2017ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیت کر قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ سابق کپتان نے ٹیسٹ کیریئر میں 10 سنچریوں اور 39 نصف سنچریوں کی مدد سے 5222 رنز بنارکھے ہیں۔

یاد رہے کہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد مصباح الحق نے سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے گزشتہ برس دسمبر میں 125 بستروں پر مشتمل چائلڈ ہارٹ اسپتال بنانے کا اعلان کیا تھا جس پر کام تیزی سے جاری ہے۔