قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے فاسٹ فوڈ ریسٹورینٹ کھول لیا ہے جس کا شیف انہوں نے اپنی قریبی شخصیت کو مقرر کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ریکارڈ ساز بلے باز محمد یوسف نے کرکٹ کے میدانوں سے دور ایک اور مصروفیت ڈھونڈ لی ہے اور لاہور میں فاسٹ فوڈ ریسٹورینٹ کھول لیا ہے۔
معروف مذہبی شخصیت مولانا طارق جمیل نے گزشتہ روز لاہور کے ڈی ایچ اے فیز سکس میں ان کے فاسٹ فوڈ ریسٹورینٹ کا ربن کاٹ کر افتتاح کیا اور کاروبار کی ترقی کے لیے خصوصی دعا کرائی۔
اس موقع پر سابق کپتان وقار یونس، سلمان بٹ، وہاب ریاض بھی موجود تھے۔
افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں محمد یوسف نے کہا کہ ساری زندگی کرکٹ کھیلی، اب کوچنگ اور سلیکشن کے ساتھ منسلک ہوں، کاروبار یا کوئی کام مجھے آتا نہیں ہے۔
انہوں نے کاروبار کے لیے ہوٹل انڈسٹری میں آنے سے متعلق کہا کہ اس کا شیف میرا اپنا بھتیجا ہے ، اس لیے میں نے اس شعبے میں چانس لیا ہے۔ میرا بیٹا اور داماد مشترکہ طور پر ریسٹورینٹ چلائیں گے۔ میں نے انہیں سختی سے ہدایت کی ہے کہ کھانے کی کوالٹی اور سروس پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔