بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر سلیم درانی گزشتہ روز 88 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ان کی خاص بات عوامی مطالبے پر چھکے لگانا تھی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر سلیم درانی گزشتہ روز 88 برس کی عمر میں گجرات میں انتقال کرگئے۔ مرحوم جارح مزاج کے بائیں ہاتھ کے بلے باز اور اسپنر تھے جنہوں نے اپنے کیریئر میں 29 ٹیسٹ میچز کھل کر1202 رنز بنائے اور 75 وکٹیں حاصل کیں۔
وہ اپنے اُس جادوئی اسپیل کے لیے یاد رکھے جائیں گے جب 1971 میں انڈیا نے ویسٹ انڈیز میں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ جیتا تھا۔ سنیل گواسکر نے اُسی میچ میں اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔
سلیم درانی نے دوسری اننگز میں کلائیو لائیڈ اور گیری سوبرز کو آؤٹ کیا تھا۔ انہوں نے 17 اوورز میں صرف 21 رنز دیے تھے اور ان کی تباہ کن بولنگ کے باعث ہی انڈین ٹیم یہ ٹیسٹ میچ سات وکٹوں سے جیتنے میں کامیاب ہوئی تھی۔
تاہم ان کی وجہ شہرت اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کی ڈیمانڈ پر چھکے لگانا تھا اور اپنی اس جادوئی صلاحیت کا انہوں نے متعدد بار مظاہرہ بھی کیا۔
انہوں نے 1962 میں پورٹ آف سپین میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک ٹیسٹ سنچری بنائی۔ انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ فروری 1973 میں انگلینڈ کے خلاف بریبورن اسٹیڈیم میں کھیلا، جہاں انہوں نے 1960 میں اپنا ڈیبیو بھی کیا تھا، اور بیٹنگ اوسط 25 رنز کے ساتھ ختم کیا۔
سلیم درانی کے انتقال پر بھارتی کرکٹرز نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ سابق کرکٹر روی شاستری نے لکھا کہ ’’انڈیا کا سب سے کلر فُل کرکٹر، سلیم درانی، ریسٹ ان پیس۔‘
ایک اور سابق ٹیسٹ کرکٹر وی وی ایس لکشمن نے ٹوئٹر پر پوسٹ کیا کہ ’انڈیا کے پہلے ارجن ایوارڈ یافتہ کرکٹر اور پبلک ڈیمانڈ پر چھکے مارنے والا کھلاڑی سلیم درانی۔ ان کے اہل خانہ، دوستوں اور چاہنے والوں سے دلی تعزیت۔‘