پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے کا پارٹی چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان

ڈاکٹر حیدر

سوات : پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے ڈاکٹر حیدر علی نے پارٹی چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا،ڈاکٹر حیدر علی این اے 2 سوات سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی تھے۔

تفصیلات کے مطابق سابق ایم این اے ڈاکٹر حیدر علی نے تحریک انصاف کو خیرباد کہتے ہوئے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی، ڈاکٹر حیدر علی این اے 2 سوات سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی تھے۔

ڈاکٹرحیدرعلی نے کہا کہ پیپلزپارٹی میں شمولیت کیلئے کسی طرف سے کوئی دباؤنہیں ہے، 4ماہ قبل بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات ہوئی تھی، اہل علاقہ سے مشاورت کے بعد پیپلزپارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔

گذشتہ روز پی ٹی آئی کو خیرباد کہنے والے سابق ایم این اے عثمان ترکئی بھی پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے تھے، اسلام آباد میں بلاول بھٹو نے عثمان خان ترکئی کو پیپلزپارٹی میں شمولیت پر خوش آمدیدکہا۔

عثمان ترکئی نے بلاول بھٹو کو صوابی میں جلسےکی دعوت دی جو انھوں نے قبول کرلی تھی۔

خیال رہے پاکستان تحریک انصاف کے کئی رہنما جن میں شیریں مزاری، فواد چوہدری، ملک اسلم امین، بلال غفار اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنما اور ٹکٹ ہولڈرز 9 مئی کے تشدد کی مذمت کے بعد پارٹی چھوڑ چکے ہیں۔

گذشتہ روز سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے اعلان کیا تھا کہ وہ پارٹی عہدے سے مستعفی ہو رہے ہیں اور چیئرمین عمران خان سے علیحدگی اختیار کر رہے ہیں۔