سابق پاکستانی کپتان نے کوہلی کو ’’خود غرض‘‘ قرار دے دیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے بھی بھارتی بیٹر ویرات کوہلی کو خود غرض قرار دے دیا ہے۔

بھارتی بیٹر ویرات کوہلی نے گزشتہ روز اپنی 35 ویں سالگرہ کے موقع پر جنوبی افریقہ کے خلاف سنچری اسکور کی جس کے بعد وہ ون ڈے میچوں میں 49 سنچریاں بنا کر لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کے ہم پلہ ہو گئے۔

اس میچ میں وہ 121 گیندیں کھیل کر 101 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تاہم اپنی سنچری کی تکمیل کے لیے انہوں نے بیٹنگ کو سلو کر دیا تھا اور سنگ میل کے قریب پہنچنے پر سنگل رنز لینے پر اکتفا کیا جس کے لیے کئی گیندیں بھی ضائع کیں۔

ان کے اس طرز بیٹنگ پر سابق پاکستان کپتان محمد حفیظ بھی حیران رہ گئے اور انہوں نے کوہلی کو خودغرض کھلاڑی قرار دے دیا۔

ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ ویرات کوہلی اس وقت عالمی کرکٹ کے بہترین کھلاڑی ہیں جنہوں نے دنیا کے کونے کونے میں اسکور کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں ان کے 97 رنز شاندار تھے لیکن اس کے بعد اپنی سنچری کی تکمیل کے لیے باقی تین رنز بنانے کا طریقہ غلط تھا اس سے صاف ظاہر ہوا کہ وہ ٹیم کے بجائے اپنے ذاتی سنگ میل کے لیے سوچ رہے تھے۔

محمد حفیظ نے کہا کہ آخری اوورز میں ویرات کا مقصد اپنی سنچری بنانے کے لیے سنگلز لینے کا تھا۔ یہ اس ورلڈ کپ میں تیسری بار ویرات کا خود غرضانہ انداز ہے۔

 

واضح رہے کہ اس سے قبل وہ نیوزی لینڈ کے خلاف بھی 95 رنز پر پہنچنے کے بعد سنچری کی تکمیل کے لیے سست بیٹنگ کر رہے تھے تاہم وہ بدقسمتی سے سنچری مکمل نہ کر سکے اور شائقین کرکٹ نے ان کی اس حرکت پر برہم ہو کر انہیں خود غرض قرار دیا تھا۔